کوئٹہ: گیس سپلائی معطلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی مافیا متحرک، قیمتوں میں خودساختہ اضافہ
ایل پی جی 400 سے 430 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، مغربی بائی پاس دھماکے کے بعد سپلائی بند ہونے سے شہری دوہرے عذاب میں مبتلا انتظامیہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کرے: عوامی حلقوں کا پُرزور مطالبہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ میں گیس سپلائی کی معطلی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی مافیا نے قیمتوں میں 20 روپے فی کلو کا بھاری اضافہ کر دیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق، شہر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 380 روپے سے بڑھ کر 400 روپے ہو گئی ہے، جبکہ نواحی علاقوں میں صورتحال مزید ابتر ہے جہاں گیس 430 روپے فی کلو تک من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن میں دھماکے کے باعث سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کی بڑی تعداد نے ایل پی جی کا رخ کیا ہے، جس سے طلب میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔ایل پی جی ڈیلرز کا موقف ہے کہ گیس کی سپلائی کم اور ڈیمانڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب، پائپ لائن سے گیس کی فراہمی بند ہونے کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اس حالیہ اضافے نے شہریوں کی جیبوں پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے تاکہ ذخیرہ اندوز اور گراں فروش اس بحرانی صورتحال سے ناجائز فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
