عوام کیلئے خوشخبری: وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے 129 ارب کے ریلیف کا اعلان، اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، پیٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹل نگرانی، کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح قرار، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد (ڈیلی قدرت نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی، سپلائی چین کی مضبوطی اور کفایت شعاری مہم کے نفاذ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں کم آمدنی والے طبقات کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے ریلیف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کے ساتھ مشاورت کر کے اس حوالے سے حتمی تجاویز جلد پیش کریں تاکہ غریب عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور سخت ترین قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ تین ہفتوں میں کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کے دباؤ سے عوام کو بچانے کے لیے وفاقی حکومت نے اپنے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور مختلف کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے اب تک عام آدمی کو 129 ارب روپے کا خطیر ریلیف فراہم کیا ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات کے لیے وافر ذخائر موجود ہیں۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور مکمل سپلائی چین کی چوبیس گھنٹے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کہیں بھی قلت پیدا نہ ہو سکے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، شزا فاطمہ، سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
