کوئٹہ میں بدامنی، اسٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ معمول، پولیس کی کارکردگی مایوس کن، جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھر رہے ہیں اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں: پشتونخواملی عوامی پارٹی

فوری طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ورنہ عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے: انتباہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بدامنی کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات دراصل شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلانا ہے جبکہ دن دہاڑے ڈکیتی، موبائل چھیننے اور فائرنگ کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں اور معصوم شہری اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن نظر آتی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھر رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا اعتماد بری طرح مجروح ہو چکا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں قانون کی عملداری کمزور پڑ چکی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال نہایت تشویشناک ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ پولیس حکام پر عائد ہوتی ہے۔ فوری طور پر مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور گشت میں اضافہ کیا جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔اگر یہی حالات برقرار رہے تو عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert