مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، بلوچستان بار کونسل کا 6 اپریل کو صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان
وکلاء برادری 6 اپریل بروز پیر تمام عدالتوں میں تالا بندی اور کارروائیوں کا بائیکاٹ کرے گی: اعلامیہ حکومت ہوش ربا مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے، پیٹرول کی قیمتوں نے جینا محال کر دیا تمام وکلاء ہڑتال میں بھرپور شرکت کر کے عوامی آواز کو مضبوط بنائیں، سیکرٹری بلوچستان بار کونسل کی اپیل

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): بلوچستان بار کونسل کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق روزمرہ کی اشیائے ضرورت خاص طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ عوام خصوصاً وکلاء برادری کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ بلوچستان بار کونسل حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ مہنگائی پر فوری قابو پایا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اس ضمن میں بلوچستان بار کونسل نے اعلان کیا ہے کہ مہنگائی کے خلاف احتجاجاً مورخہ 6 اپریل بروز پیر بلوچستان کے تمام عدالتوں میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور وکلاء عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ تمام وکلاء سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس ہڑتال میں بھرپور شرکت کر کے عوامی آواز کو مضبوط بنائیں۔
