ملک اور اس پشتون بلوچ صوبے میں پشتونوں کی محکومی اور محرومی ناقابل قبول ہے، حقیقی جمہوری نظام کی مضبوطی ناگزیر، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر زور دیا ہے، ملک میں حقیقی جمہوری نظام کی مضبوطی اور عوام کے منتخب پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنا کر اس سے داخلہ و خارجہ پالیسیوں کی تشکیل ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، مرکزی سیکرٹری صلاح الدین خان اچکزئی، اور دیگر مقررین نے مرحوم ملک باز محمد خان مہترزئی کے پوتوں اور دیگر 50 افراد کی کلی ملک پکار خان مہترزئی میں پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں کا راستہ روکا جاتا رہا ہے اور غیر جمہوری قوتوں نے ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا، ملک اور اس پشتون بلوچ صوبے میں پشتونوں کی محکومی و محرومی ناقابل قبول ہے۔ مقررین نے شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ علاقے اور کچلاغ تحصیل میں پارٹی کو منظم و فعال بنانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ مقررین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پشتونوں کو سیال اور برابر قوم کی حیثیت سے ان کے جائز حقوق نہیں دیے جا رہے اور ان کے ساتھ تیسرے درجے کے شہری کا سلوک کیا جا رہا ہے، کاروبار، روزگار، تعلیم اور بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے، جس کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ مقررین نے یہ بھی واضح کیا کہ صوبے کے بجٹ میں تیسرا حصہ بھی پشتونوں کا نہیں، جو برابری اور انصاف کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی خان شہید کی بتائی ہوئی راہ پر گامزن ہو کر ہی اپنے قومی اہداف کی حصول کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے، جنہوں نے پشتون قوم کو فرنگی استعمار سے نجات دلانے اور ملک کو آئین دینے کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی اور 33 سال قید و بند کی سزائیں برداشت کیں۔
