بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل اور خطرناک جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
برے کو برا اور فسادی کو فسادی نہ کہنا منافقت ہے، پاک ایران بارڈر پر جلد ایمی گریشن سنٹر قائم کیا جائے گا،میر سرفراز بگٹی

پنجگور(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی ایک روزہ دورے پر پنجگور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور قبائلی عمائدین سے خطاب کیا۔ وزیراعلی نے تاریخی مقبرہ شاہو قلندر اور خواتین اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر خدابادان کی افتتاحی تختیاں نقاب کشائی کیں۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، سلیم کھوسہ، انجینئر عبدالمجید بادینی اور آئی جی ایف سی ساتھ بلال سرفراز سمیت اعلی حکام ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلی نے پنجگور پریس کلب کے لیے 20 لاکھ روپے گرانٹ اور شہر کے لیے دو گرین اور ایک پنک بس دینے کا اعلان بھی کیا۔
ایف سی کیمپ میں قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک لاحاصل اور خطرناک جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جس کا مقصد صرف تباہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ روایات کو مسخ کیا جا رہا ہے اور دشمن کے ایما پر ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلی نے زور دیا کہ والدین اپنے بچوں کو غلط راستے سے دور رکھیں، کیونکہ برے کو برا اور فسادی کو فسادی نہ کہنا منافقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ صوبے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا ہے اور اب کوئی بھی نوکری خریدی نہیں جا سکتی۔
انہوں نے پنجگور میں زیتون کی پیداوار کے فروغ کے لیے پروسیسنگ پلانٹ کی خاطر 6 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پاک ایران بارڈر پر جلد ایمی گریشن سنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ مسافروں کی آمد و رفت میں آسانی ہو۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ نوجوانوں کا مستقبل صرف اعلی تعلیم اور بہترین تربیت سے وابستہ ہے، جس کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
