کوئٹہ میں گیس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے کرنا عوام دشمنی ہے، عدالت از خود نوٹس لیکر بلا تعطل فراہمی کے احکامات دے، کاشف حیدری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے گیس فراہمی کے نئے اوقات کو مکمل مسترد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے دروانیہ کو 6 گھنٹوں سے اچانک بڑھا کر 15 گھنٹوں سے زائد کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، مہنگے بلوں کے باوجود عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم، کمپنی عوام دشمن پالیسوں سے باز رہ کر گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھے۔ یہ بات انہوں نے گز شتہ روز اپنے دفتر ہزا رہ ٹاﺅن میں مختلف علاقوں سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن کے جان محمد ہزارہ، عزت اللہ کاظمی، ناصر حیدری سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہمیشہ عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا رہی ہے جو کہ کسی سے پوشیدہ نہیں، عوام اور تاجر پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، گھنٹوں گھنٹوں بجلی لوڈشیڈنگ، بجلی اور گیس کے بل آسمان سے باتیں کررہے ہیں، ایک درمیانہ گھرانے کا بل ہزاروں سے لیکر لاکھوں تک بھیجا جاتا ہے مگر جب سہولیات دینے کی بات آتی ہے تو گونگے بہرے بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر سمیت صوبے بھر میں گیس لوڈ شیڈنگ کو 6 گھنٹے سے بڑھا کر اچانک 15 گھنٹوں سے زائد کردیا گیا ہے جو کہ عوام دشمن پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری سردی عوام گیس کی فراہمی کیلئے سراپا احتجاج رہے مگر نااہل کمپنی کی جانب سے ایک نہ سنی گئی، اب ایک اعلامیہ جاری کرکے 15 گھنٹے سے زائد گیس لوڈ شیڈنگ کو قانونی شکل دیدی گئی۔ انہوں نے بلوچستان ہائیکورٹ اور حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس کے نئے اوقات کے معاملے میں ازخو د نوٹس لیکر گیس کی بلاتعطل فراہمی کا حکم دیا جائے۔
