ہزارگنجی میں ہزارہ سبزی فروشوں کی ٹارگٹ کلنگ نسل کشی کا تسلسل ہے، حکومت اور ریاستی ادارے ناکام نظر آرہے ہیں، قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں گذشتہ روز مغربی بائی پاس ہزار گنجی میں دن دیہاڑے غریب ہزارہ سبزی فروشوں ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نہتے معصوم سبزی فروشوں کا قتل ہزارہ نسل کشی کا تسلسل ہے جسے رکوانے میں حکومت اور ریاستی ادارے ناکام نظر آرہے ہیں۔ ایک ماہ کے دوران ہزارہ مزدوروں پر دو بار حملے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ایک بار پھر کوئٹہ کے شہریوں اور ہزارہ قوم کو نا معلوم دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دو دہائیوں سے بد ترین نسل کشی کے بعد ہزارہ قوم چند سال ہی سکھ کا سانس لے سکی ہے اب ایک بار پھر دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے شہری اور ہزارہ قوم اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت اور ریاست کی ہے اگر ایسے واقعات کے تدارک کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا تو مستقبل میں اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔بیان میں کوئٹہ کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امن رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے امن دشمنوں کیخلاف متحد ہوجائیں۔ کسی بھی بیرونی ممالک کے مفادات کی جنگ کے نام پر کوئٹہ شہر میں بد امنی اور نفرتوں کو ہوا دینے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔بیان میں حکومت اور سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سانحہ ہزارگنجی میں شہید ہونے والے ہزارہ سبزی فروشوں کے قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ سانحہ کے محرکات سامنے لاکر کرداروں کا تعین کیا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایچ ڈی پی کے کارکنوں نے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عصمت یاری اور محمد رضا ہزارہ کی قیادت میں بائی پاس پر دھرنا دیکر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا اور شہدا کے لواحقین سے تعزیت کی۔

WhatsApp
Get Alert