منی لانڈرنگ کیس،فضیلہ عباسی کے خلاف بڑا عدالتی حکم جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے انہیں آج تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق خصوصی عدالت سینٹرل میں معروف معالج ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ اسپیشل جج سینٹرل ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت کی، اس دوران ڈاکٹر فضیلہ عباسی عدالت میں پیش ہوئیں۔
عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو اس تاریخ تک انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
سماعت کے دوران جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ عبوری ضمانت کا اطلاق تین ماہ سے ہے، ملزمان ہائی کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے تفتیش میں شامل ہوں۔
عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کو آج ایف آئی اے کے سامنے تفتیش میں شامل ہونے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
سماعت کے دوران ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے حمزہ علی عباسی کے ساتھ اپنا مشترکہ اکاؤنٹ دوبارہ کھولنے کی درخواست بھی دائر کی۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں اس اکاؤنٹ کو پہلے ہی سیل کر چکی ہے۔
ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں کیس کا چالان عدالت میں جمع کرادیا، پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا ہے۔
ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے وکیل نعیم بخاری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ کے مطابق ضمانت کا کوئی غلط استعمال نہیں ہوا جب کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو چکی ہیں۔
ایف آئی اے نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی۔
