بلوچستان اسمبلی ‘ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ریکوری، 20 ارب کی نشاندہی اور 6 ارب قومی خزانے میں جمع


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے مالی سال 2021-22اور آڈٹ سال 2022-23 کی رپورٹ کے 252آڈٹ پیراز نمٹاتے ہوئے 20ارب روپے کی ریکوری کی نشاہدہی جبکہ 6ارب روپے ریکور کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دئیے ۔ یہ بات بلوچستان اسمبلی میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئر مین اصغر علی ترین ، اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مالی سال 2021-22اور آڈٹ سال 2022-23 سے متعلق پبلک اکائونٹس کمیٹی کی رپورٹ کو ایوان میں پیش کرنے موقع پر اظہار خیال اور اپوزیشن چیمبر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئر مین اصغر علی ترین نے مالی سال 2021-22اور آڈٹ سال 2022-23 سے متعلق پبلک اکائونٹس کمیٹی کی رپورٹ کو ایوان میں پیش کی ۔ اس موقع پر انہوں ایوان میں اظہار خیال اور بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اصغر علی ترین نے کہا کہ مالی سال 2021-22اور آڈٹ سال 2022-23 سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں کل 252پیراز میں 49ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے مسلسل اجلاس کر کے 20ارب روپے کی ریکوری کی ہے جس میں اب تک 6 ارب روپے سے زائد رقم قومی خزانے میں جمع کرواد ی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ بورڈ آف ریونیو سے 6ارب 11کروڑ روپے سے زائد، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سے 21کروڑ 50لاکھ سے زائد، محکمہ آبپاشی سے 13کروڑ40لاکھ سے زائد، جی ڈی اے سے 4کروڑ سے زائد، محکمہ پی ایچ اے سے 1کروڑ 90لاکھ سے زائد، محکمہ زراعت سے 1کروڑ 12لاکھ روپے سے زائد، محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی سے 85لاکھ سے زائد، محکمہ صحت سے 52لاکھ روپے سے زائد ریکوری کر کے اب تک خزانے میں جمع کروائی گئی ہے ۔۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ برسوں میں یہ سب سے زیادہ ریکوری ہے جو کہ ہماری بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے اس سے قبل 2016-17میں 50کروڑ ، سال 2017-18میں 1ارب ، 2018-19میں 1ارب 24کروڑ کی ریکوری ہوئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سفارش پر 20کیس نیب جبکہ 6اینٹی کرپشن میں زیر تفتیش ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کا ہمیشہ ساتھ دیا اور ہدایت کی کہ پی اے سے 100فیصد تعاون کیا جائے جس کی بدولت آج تمام محکموں کے سیکرٹریز اور حکام کمیٹی میں باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کو سو موٹو کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے جس سے کمیٹی مزید مستحکم اور مضبوط ہوگی صوبے کے ڈپٹی کمشنرز کے 50،50اکائونٹس میں کئی کئی سالوں سے موجود رقم کی نشاندہی کی گئی جس کے بعد ڈپٹی کمشنرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ قانون کے مطابق صرف تین اکائونٹس رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اے جی آفس کو 15مئی سے قبل ترقیاتی مد میں تمام پیسے خرچ کرنے چاہییے ساتھ ہی ہر ڈویژن میں اے جی آفس ہونا چاہیے تاکہ سائلین کو مشکلات درپیش نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹیکسز، منصوبوں میں بلا جواز تاخیر، اثاثوں کو استعمال میں نہ لانے سے بے ضابطگیاں بہت بڑھتی ہیں ایک ڈیم کی لاگت 6ارب سے بڑھ کر 20ارب ہوگئی 2019میں شروع ہونے والا ڈیم تاحال نامکمل اور اسکی لاگت 8ارب سے 18ارب روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پبلک اکائونٹس کمیٹی ملک کی واحد پی اے سی ہے جو کہ مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ڈ اور پیپر لیس ہے جس کی تعریف پنجاب اسمبلی کی پی اے سی کے ارکان بھی کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی وجہ سے چیلنجز درپیش ہیں حکومت جہاں مثبت کام کر رہی ہے وہاں اپوزیشن اسکے ساتھ ہے ماضی میں اپوزیشن ارکان کو تین ، تین سال وزیراعلیٰ ہائوس جانے پر پابندی عائد تھی موجودہ حکومت میں وزیراعلیٰ اپوزیشن کے صلاح و مشورے سے چلتے ہیں جو مثبت اقدام ہے کوئی احمق ہی ہوگا کہ وہ سمجھے کہ بلوچستان کے مسائل کو وہ اکیلے حل کرسکتا ہے صوبے کے مسائل میں تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری اسمبلی ، پی اے سی کے عملے کا بھی شکر گزارہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور دن رات محنت کی ۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی کارکردگی رپورٹ نے ہمار ا سر فخر سے بلند کردیا ہے چیئر مین پی اے سی اور ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے تاریخ میں سب سے زیادہ ریکوری کی ہے وہ ہمارے اعتماد اور بھروسے پر پورا اترے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز بل پر 18اپریل کو تمام جماعتوں کے قانونی ماہرین سے مشاورت ہوگی ہم ایک ڈرافٹ کی شکل میں اپنی تجاویز حکومت کو پیش کریں گے ۔ پریس کانفرنس میں ارکان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ، میر زابد علی ریکی، فضل قادر مندوخیل، خیر جان بلوچ، مولانا ہدایت الرحمن بھی موجود تھے ۔

WhatsApp
Get Alert