پائیدار امن اور ترقی تعلیم کے بغیر ناممکن، حکومت نجی تعلیمی اداروں کی سرپرستی پر تھوڑی توجہ دے تو خواندگی بڑھ سکتی ہے، مولانا ہدایت الرحمن


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کا خواب تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں “دارِ ارقم اسکول سسٹم” کی تعارفی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے شہید بیرسٹر عدنان کانسی فانڈیشن کے چیئرمین ارباب محمد افضل کانسی، ڈائریکٹر زاہد اختر بلوچ اور طیب فرید نے بھی خطاب کیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کو زیورِ تعلیم سے محروم رکھنا ایک سنگین جرم اور گناہ ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ نجی تعلیمی شعبے کی سرپرستی کرے تاکہ صوبے میں خواندگی کی شرح میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے نجی تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے منافع کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داریوں کو بھی پورا کریں اور یتیم و غریب طلبہ کے لیے مفت تعلیم کے کوٹے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی تربیت اور عملی کردار سازی بھی نہایت ضروری ہے، کیونکہ عمل کے بغیر علم کے ثمرات حاصل نہیں ہو سکتے۔تقریب کے دیگر مقررین نے نجی تعلیمی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاکھوں بچے ان اداروں سے مستفید ہو رہے ہیں، تاہم مخلوط اور مہنگی تعلیم سے پیدا ہونے والے سماجی مسائل پر بھی قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کی حقیقی خدمت وہی ہے کہ انہیں معیاری اور سستی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ تقریب کے اختتام پر تعلیم کے معیار کی بہتری اور مستحق طلبہ کی ہر ممکن معاونت کے حوالے سے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert