تحریک انصاف کامردان جلسہ؛ محمود اچکزئی کی عدم شرکت کا امکان

‘
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے شہر مردان(Mardan) میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (PTI)کے مجوزہ جلسے کے حوالے سے اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سینئر سیاستدان محمود خان اچکزئی کی شرکت غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی(Mahmood Khan Achakzai) مردان جلسے کے معاملے پر اعتماد میں نہ لیے جانے پر ناراض ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ جلسے کی تاریخ کا تعین وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ٹیم کی جانب سے کیا گیا، جس پر کچھ حلقوں میں تحفظات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اچکزئی کو اس اہم سیاسی سرگرمی کے حوالے سے پیشگی مشاورت میں شامل نہ کیے جانے پر وہ ناخوش ہیں، جس کے باعث ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق عاطف خان نے محمود اچکزئی سے رابطہ بھی کیا اور انہیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی، تاہم انہوں نے تاحال شرکت کے لیے واضح آمادگی ظاہر نہیں کی۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے جلسے کی اہمیت اور سیاسی پیغام پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جلسوں اور احتجاجی سرگرمیوں کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا گیا تھا، جس کے باوجود ان سے مشاورت نہ ہونا پارٹی کے اندر ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم معاملہ بن چکا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر مینا خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ تمام امور محمود اچکزئی کی مشاورت سے ہی طے کیے جائیں گے اور مردان جلسے کے احکامات بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی قیادت کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
