اہم شخصیات کی آمد؛ نور خان ایئربیس کے رن وے سے ملحقہ علاقے میں تمام بازار تا حکم ثانی بند رکھنے کا حکم

اہم شخصیات کے جہاز اترنے کے بعد نور خان ایئربیس کے باہر وی آئی پی موومنٹ کے دوران گلزار قائد اور ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کو بھی بند کردیا جائے گا؛ اہلکار وزارت داخلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)انتظامیہ کی جانب سے نور خان ایئربیس کے رن وے سے ملحقہ علاقے میں بازار تا حکم ثانی بند رکھنے کا حکم دے دیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی کی حدود میں واقع نور خان ایئر بیس سے ملحقہ تمام آبادیوں میں قائم بازاروں اور دکانوں کو تا حکم ثانی بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، اس اڈے کے رن وے کے ساتھ چاہ سلطان اور صادق آباد کے علاقے ہیں جہاں پر زیادہ تر گاڑیوں کی مرمت اور فرنیچر کی دکانیں ہیں، ان علاقوں میں پیر کو صرف کریانہ سٹور، میڈیکل سٹور اور دودھ، دہی کی دکانیں کھلی دیکھی گئیں۔
وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اہم شخصیات کے جہاز اترنے کے بعد نور خان ایئربیس کے باہر وی آئی پی موومنٹ کے دوران گلزار قائد اور ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کو بھی بند کردیا جائے گا، اہم شخصیات کو نور خان ایئر بیس سے لانے اور انہیں ہوٹل تک چھوڑنے کی تمام تر ذمہ داری فوج کے کنٹرول میں ہوگی تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات بھی لی جائیں گی، وی وی آئی پیز روٹ کے لیے ایکسپریس ہائی وے پر فوج تعینات ہوگی جہاں پنجاب اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے، ایکسپریس ہائی وے سے ملحقہ آبادیوں میں پنجاب پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کردیئے گئے۔
خیال رہے کہ پاکستان آنے والی اہم غیرملکی شخصیات اور وفود کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ دو دن سے ہائی سکیورٹی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے، عمومی طور پر غیرملکی وفود یا سربراہانِ مملکت کی نور خان ایئربیس آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تو ہوتے ہیں لیکن اس فضائی اڈے سے ملحقہ آبادیوں اور بازار بند نہیں کروائے جاتے اور ایسی شخصیات کی پاکستان میں آمد اور دورہ مکمل ہونے کے بعد جہاز کے ٹیک آف کرنے سے چند گھنٹے پہلے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو اس علاقے میں تعینات کیا جاتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert