کراچی میں فائرنگ سے جاں بحق ڈاکٹر سارنگ قتل کیس میں پیشرفت، واردات میں استعمال ہونیوالی گاڑی برآمد


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی میں شارع فیصل میٹرو پول کے قریب فائرنگ سے جاں بحق ڈاکٹر سارنگ کے قتل کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق حملہ آوروں نے واردات کے لیے ملیر سے کرائے پرگاڑی لی تھی۔ واردات میں ملوث 2 ملزمان کی نشاندہی ہوئی ہے، ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق ڈاکٹر سارنگ اہلیہ کے ساتھ جس رکشے میں تھے اس کے ڈرائیورکو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہےکہ بیوہ کا ابتدائی بیان ریکارڈکیا جاچکا ہے، دشمنی یا لین دین کا معاملہ تاحال سامنے نہیں آیا۔
اہلیہ نے بتایا ہےکہ ڈاکٹر سارنگ گلستان جوہر اور کورنگی کے دو مختلف اسپتالوں میں نوکری کرتے تھے۔
تفتیشی حکام کے مطابق ورثاء نے تدفین کے بعد اب تک تفتیش میں معاونت فراہم نہیں کی۔
خیال رہےکہ نامعلوم ملزمان نے دو روز قبل شارع فیصل پرفائرنگ کرکے ڈاکٹر سارنگ کو قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر سارنگ رکشے میں اپنی بیوی کے ساتھ جا رہے تھے، ملزمان گاڑی میں آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، ملزمان میاں بیوی کا پیچھا کر رہے تھے۔

WhatsApp
Get Alert