اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل،۔ نامزد ملزم کی پلی بارگین کی درخواست منظور

پشاور(قدرت روزنامہ) احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں نامزد ملزم محمد ایوب ٹھیکیدار کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے ملزم محمد ایوب کی 3 ارب 92 کروڑ روپے سے زائد کی پلی بارگین منظور کر لی، جج محمد ظفر نے نیب کی جانب سے پیش کردہ پلی بارگین درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد علی اور سپیشل پراسیکیوٹر مانک شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹڑ نے کہا کہ ملزم اپر کوہستان کے 37 ارب روپے کے غبن سکینڈل میں نامزد ہے، تحقیقات کے دوران ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے جیل سے پلی بارگین کی درخواست دی، چیئرمین نیب نے پلی بارگین کی منظوری دی، ملزم کو ضمیمہ بے پر جیل سے نکالا گیا اور پلی بارگین کو حتمی شکل دی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کی جانب سے اب تک 11 کروڑ 90 لاکھ روپے کے پے آرڈرز جمع کرائے گئے، ملزم نے بقیہ رقم کے لیے ایبٹ آباد، اسلام آباد، مانسہرہ اور راولپنڈی کی جائیدادیں نیب کے حوالے کیں۔
عدالت نے ملزم کے نیب کے ساتھ پلی بارگین کی توثیق کر دی، پلی بارگین کی منظوری کے بعد عدالت نے ملزم محمد ایوب کی رہائی کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ملزم کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
