آزاد کشمیر میں عام انتخابات کب ہوں گے؟ چیف الیکشن کمشنر کا بڑا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات جولائی کے مہینے میں منعقد ہوں گے، جبکہ پولنگ جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے التوا سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں اور الیکشن کمیشن مکمل تیاری کے ساتھ بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ انتخابی فہرستیں 30 اپریل کو آویزاں کر دی جائیں گی، مزید برآں الیکشن شیڈول مئی کے وسط میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے ان کی تجاویز بھی حاصل کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے بعض غیر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو بھی بطور مبصر شامل کیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی گہری نظر ہوتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انتخابی عمل کو ہر صورت شفاف اور منصفانہ بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن شیڈول کے فوراً بعد سیکیورٹی کے معاملات کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد سب کی ذمہ داری ہے، جبکہ 13ویں آئینی ترمیم اور صدارتی انتخاب سے متعلق معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان فیصلوں پر عمل کرنا الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کی ذمہ داری ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منفی پروپیگنڈے سے اجتناب کیا جائے۔
’آزاد جموں و کشمیر کا موجودہ نظام ہمارے بزرگوں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے، لہٰذا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی قدر اور اہمیت کو سمجھے۔‘
