بولان میڈیکل کالج سے کالعدم تنظیم کی مبینہ سہولت کار طالبہ گرفتار، ملزمہ کو قانونی طریقہ کار کے تحت انٹرنمنٹ سینٹر منتقل کر دیا گیا، افواہوں سے گریز کیا جائے، حکام

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی حکام نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BMC) میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک کالعدم تنظیم سے وابستہ لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمہ کے خلاف دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے واضح اور ٹھوس شواہد منظرِ عام پر آئے تھے، جس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکی کو رائج قوانین اور ایس او پیز کے تحت انٹرنمنٹ و ڈٹینشن سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے ملزمہ کی حراست کے باقاعدہ احکامات جاری کیے گئے تھے، جبکہ قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اہل خانہ کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام تر کارروائی شفاف انداز میں مکمل کی جا رہی ہے، لہذا عوام سے اپیل ہے کہ اس حوالے سے کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع یا افواہ کو پھیلانے سے مکمل گریز کریں۔ حکومتِ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BMC) سے گرفتار ہونے والی لڑکی کے خلاف دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے واضح ثبوت ملے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سہولت کاری کے شواہد سامنے آنے پر مکمل قانونی طریقے سے کارروائی کی گئی اور مذکورہ لڑکی کو رائج قوانین کے مطابق انٹرنمنٹ و ڈٹینشن سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔بابر یوسفزئی نے مزید واضح کیا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے حراست کے احکامات گزشتہ روز جاری کیے گئے تھے اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اہل خانہ کو بھی حراست سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام کارروائی ایس او پیز کے تحت عمل میں لائی گئی ہے اور معاملے کو مکمل طور پر قانونی دائرہ کار میں ہینڈل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ اس حساس معاملے پر غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے مکمل گریز کیا جائے۔
