بلوچستان سلیکشن بورڈ کا اجلاس طویل عرصے سے التوا کا شکار، بیوروکریسی میں جمود اور افسران کی حق تلفی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان میں سرکاری افسران کی ترقیوں کے اہم فورم “بلوچستان سلیکشن بورڈ” کا اجلاس طویل عرصے سے منعقد نہ ہونے کے باعث سینکڑوں افسران کی ترقی، سنیارٹی اور دیگر سروس معاملات التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے سال میں کم از کم تین سے چار اجلاس باقاعدگی سے بلانے کے اعلان کے باوجود رواں برس اب تک ایک بھی اجلاس نہ ہونا انتظامی پالیسی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے، جس سے سرکاری ملازمین میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کی پروموشن اور کارکردگی رپورٹس کا جائزہ لیا جاتا ہے، مگر مسلسل تاخیر سے یہ تمام امور رکے ہوئے ہیں۔ متاثرہ افسران کا مقف ہے کہ کئی ملازمین ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں اور بروقت ترقی نہ ملنے سے انہیں پنشن اور دیگر مالی مراعات میں بڑا معاشی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے کر جلد از جلد بورڈ کا اجلاس طلب کریں تاکہ زیر التوا کیسز نمٹائے جا سکیں اور صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں پیدا ہونے والا جمود ختم ہو سکے۔
