معروف گلوکارہ میڈونا کے نایاب ملبوسات اسٹیج سے پراسرار طور پر غائب، واپس لانے والے کے لیے انعام کا اعلان

نیویارک(قدرت روزنامہ)معروف امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا نے میوزک فیسٹیول میں اپنی حالیہ پرفارمنس کے بعد گمشدہ ہونے والے قیمتی اور نایاب ملبوسات کی واپسی کے لیے اپیل کی ہے۔
67 سالہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ ان کے ذاتی آرکائیوز سے لیے گئے ونٹیج ملبوسات شو کے بعد گم ہو گئے ہیں۔ ان میں جیکٹ، کارسیٹ، ڈریس اور دیگر اہم ملبوسات شامل ہیں۔
میڈونا نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ صرف کپڑے نہیں بلکہ ایک پرفارمر کے طور پر میری زندگی اور کیریئر کی تاریخ کا حصہ ہیں‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسی دور سے تعلق رکھنے والی دیگر اشیاء بھی غائب ہیں۔
میڈونا نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو یہ ملبوسات ملیں تو وہ فوری طور پر رابطہ کرے۔ انہوں نے ان اشیاء کی محفوظ واپسی پر انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوچیلا فیسٹیول میں ان کی سبرینا کارپینٹر کے ساتھ مشترکہ پرفارمنس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ دونوں فنکاراؤں نے میڈونا کے مشہور گانے پیش کیے جو عالمی سطح پر بے حد مقبول رہے ہیں۔
