کوہاٹ میں خلیج سے بڑے گیس کے 3ذخائر دریافت ،پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا دعویٰ

پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا اسمبلی کے حکومتی رکن داود شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کوہاٹ میں خلیج سے بڑے گیس کے تین ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔پشاور کے عمران خان سٹیڈیم میں ہونے والے اسمبلی کے تاریخی اجلاس میں حکومتی رکن داود شاہ نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کوہاٹ میں تین بڑے ذخائر دریافت ہوئے اور یہ خلیج سے بھی بڑے ذخائر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کو 50فیصد گیس فراہم کر رہا ہے، پھر یہاں گیس لوڈشیڈنگ کیوں ہی ہمارے صوبے کے 40ارب روپے کے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے۔داود شاہ نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ ہمارے اس حق کیلئے بھرپور آواز بلند کریں۔وزیر قانون آفتاب عالم نے نقطہ اعتراض پر جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ کرک میں یومیہ 11ہزار 650بیرل تیل کی پیداوار ہے، کوہاٹ میں یومیہ 15ہزار بیرل پیداوار ہے جو بڑھ کر 25ہزار بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیداوار عالمی سطح پر بھی نمایاں ہے، وفاق نے بڑے منصوبے بنائے مگر اس نوعیت کا منصوبہ نہیں بنایا، 458مکعب فٹ گیس کی دریافت ہوئی ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ صوبہ اپنی 72فیصد گیس باہر فراہم کر رہا ہے، اس معاملے پر وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بنائی جائے، صوبے کی 50فیصد آبادی گیس سے محروم ہے، اس پر بات ہونی چاہیے۔آفتاب عالم نے کہا کہ آرٹیکل 158پر عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر حکومت عدالت سے رجوع کرے گی۔
