صوبے میں بدامنی اور پسماندگی عوام کے لیے عذاب بن گئی، صوبائی حکومت محض اعلانات اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات پر بھی توجہ دے، مولانا ہدایت الرحمن کا حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کا اعلان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول کے لیے کسی بھی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں جاری ظلم و جبر، لاقانونیت، بدعنوانی اور بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی ہر سطح پر بھرپور اور منظم جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے بنیادی حقوق،وسائل پر اختیار،تعلیم،صحت اور روزگار کی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی وغصہ پایاجاتا ہے۔جماعت اسلامی ان محرومیوں کے خاتمے کے لیے عوامی طاقت کے ذریعے آئینی و جمہوری جدوجہد اورمزاحمت کو مزید تیز کرے گی۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے سیکورٹی اداروں وحکومت پر زور دیا کہ وہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، کرپشن کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ محض اعلانات اور وعدوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ ٹھوس اور دیرپا پالیسیوں کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی عوام کو ساتھ لے کر ایک پرامن، خوشحال اور باوقار بلوچستان کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ آخر میں انہوں نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے متحد ہو کر پرامن اور جمہوری مذاہمت وعملی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں۔
