امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو فوری تباہ کرنے کا حکم

امریکہ (قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی بحریہ کو حکم دیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کسی بھی کشتی کو دیکھتے ہی تباہ کردیا جائے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے امریکی نیوی کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی بھی کشتی خواہ وہ چھوٹی ہی کیوں نہ ہو جو آبنائے ہرمز کے پانیوں میں بارودی سرنگیں بچھائے اسے فوراً نشانہ بنا کر تباہ کر دے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے اپنی کارروائیوں میں 3 گنا اضافہ کرے گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے گرد سمندری علاقوں میں فوجی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں حالانکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق جمعرات کے روز امریکی افواج نے رات کے وقت پابندیوں کی زد میں آنے والے بغیر رجسٹریشن والے جہاز ایم ٹی ایکس مجیسٹک کو تحویل میں لیا جو ایران کا تیل لے جا رہا تھا۔

اس سے قبل امریکا نے بتایا تھا کہ اس کا ایک جنگی بحری جہاز ایرانی روابط رکھنے والے ایک اور آئل ٹینکر ڈورینا کو اسکارٹ کر رہا ہے جس نے مبینہ طور پر امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert