لاہور میں تین بچوں کا قاتل کون نکلا؟ تہلکہ خیز انکشافات

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین کمسن بچوں کی قاتل ماں نکلی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ماں نے بچوں کو کیوں قتل کیا اس حوالے سے تفتیش جاری ہے، تحقیقات کے دوران بچوں کی والدہ کا کردار مشکوک پایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں زیر حراست ملزمان سے تفتیش کررہے ہیں، خاتون نے مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت واردات کی ہے، ماں نے قتل کے بعد خود کو بے قصور ظاہر کرنے کے لیے ڈرامہ کیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون میڈیکل جانے کے بہانے گھر سے نکلی اور بعد میں شوہر کو فون کرکے بلایا، خاتون نے واپس آکر صورتحال کو مختلف رخ دینے کی کوشش کی۔
پولیس نے کہا ہے کہ قتل کا الزام ساس پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ خاتون الزامات پر طلاق چاہتی تھی، ملزمہ نے قتل کے لیے نیا چاقو خریدا اور واردات کو دوسرا رخ دینے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ اچھرہ میں گھر سے تین بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جن کی شناخت پانچ سالہ مومنہ بتول، چار سال کا مومن رضا اور ڈیڑھ سال کی ام حبیبہ کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے شک کی بنیاد پر ماں ردا، باپ رمضان اور چچا کو حراست میں لیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ گھر میں ہونے والی بحث و تکرار بچوں کے قتل کی وجہ ہوسکتی ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی چھری بچوں کی والدہ نے گزشتہ روز ہی خریدی تھی۔
