ایران کیلیے جاسوسی کے الزام میں اسرائیلی فضائیہ کے اہلکار گرفتار

اسرائیل (قدرت روزنامہ)اسرائیلی فضائیہ کے 2 اہلکاروں پر ایران کے لیے جاسوسی کے الزامات میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں دونوں اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔ ایک فوجی پر غیر ملکی ایجنٹ سے براہِ راست رابطے اور دوسرے پر معاونت کا الزام ہے۔
ملزمان نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے سسٹمز اور اہم فوجی تنصیبات کی ویڈیوز ایرانی ایجنٹ کو فراہم کیں۔
دوسری جانب ایران نے جاسوسی کے جرم میں سلطان علی شیرزادی فخر کو پھانسی دے دی، سلطان علی پر اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے کاالزام تھا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلطان علی شیرزادی فخر کو آج صبح تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، سلطان علی شیرزادی فخر پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے اور حساس معلومات فراہم کرنے کا سنگین الزام تھا۔
ایرانی سیکیورٹی اداروں نے اسے تحقیقات کے بعد گرفتار کیا تھا، جہاں اس کے خلاف عدالت میں مقدمہ چلایا گیا، جس کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سلطان علی شیرزادی کو سزائے موت سنائی تھی، جس پر آج علی الصبح عملدرآمد کر دیا گیا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاست کے خلاف جاسوسی اور غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ ملی بھگت کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
