پشتونخواملی عوامی پارٹی کے شہدا کی 26ویں برسی، کارکنوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت

پارٹی اور اکابرین نے ہمیشہ جمہوری تحریکوں میں صف اول کا کردار ادا کیا، ملک کے بحرانوں کا حل آئین پر عملدرآمد سے ممکن ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں 27اپریل 2000میں پشتون آباد کے پارٹی کے کارکنوں ساقی جان، وزیر آکا، پیروان، امان اللہ کی شہادت کی 26 ویں برسی کے موقع پر ان کی جدوجہد اور قربانیوں پر پارٹی انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اور اس کے اکابرین متحدہ ہندوستان، قیام پاکستان سے لیکر آج تک ملک کے ہر جمہوری تحریک میں صف اول کا کردار ادا کرتی رہی ہے اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ پارٹی کی درست سیاسی جمہوری موقف آج ملک کے سیاسی جمہوری پارٹیوں اور جمہوری قوتوں کا بیانیہ بن چکا ہے اور پارٹی چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ملک کی بڑی اپوزیش اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہوری کی حکمرانی،سیاست میں فوجی اداروں کی مداخلت کے خلاف اور قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی فیڈریشن کے قیام کی جدوجہد میں صف اول کا کردار ادا کررہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کو آئین دینے، ون مین ون ووٹ کے حصول اور جمہورکی حکمرانی کے مطالبات پر خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کوجنرل ایوب خان کے دور میں 14سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔اور خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی تمام سزا مکمل کرکے جیل سے رہا ہوئے تھے۔ خان شہید کی سیاسی جدوجہد اُن کی قومی سیاسی جمہوری پروگرام کو پارٹی مسلسل آگے بڑھاتی رہی ہے۔ اور ملک کی آمرانہ قوتیں مسلسل پارٹی اور اس کے سیاسی پروگراموں پر حملہ آور ہوتی چلی آئی ہے جس میں 7اکتوبر 1983،11اکتوبر 1991اور 27اپریل 2000کے شہدا دراصل پارٹی کو ان کے سیاسی جمہوری مطالبات کی سزاء تھی اور یہ تسلسل آج بھی جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے سیاسی جمہوری موقف پر عمل نہ کرتے ہوئے آج ملک ہمہ جہت بحرانوں میں گر چکا ہے اور سیاسی استحکام نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے بحران مزید گہرتے ہوتے جارہے ہیں اور ملک کو عالمی تنہائی جیسی ناقابل برداشت صورتحال کا سامنا ہے۔ ملک کے بحرانوں کا حل ملک کے آئین پر عملدرآمد سے ممکن ہے۔ ملک کے آئین میں اداروں کے اختیارات کا تعین ہوچکا ہے اور ملک کا ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار میں رہنے سے ہی ملک کے مسائل اور بحرانوں سے نجات ممکن ہے۔ بیان کے آخر میں پارٹی اپنے شہدا اور ان کے قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ اپنے شہدا کے ملی سیاسی ارمانوں کی تکمیل کے لیے جاری جدوجہد کو مزید تقویت بخشے اور پارٹی پروگرام گھر گھر پہنچاکر پارٹی میں عوام کو شامل کرنا اور منظم کرنا ہم سب کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

WhatsApp
Get Alert