’میں بھی انسان ہوں‘، تصاویر پر تنقید کے بعد اداکارہ دنانیر مبین نے خاموشی توڑ دی

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے سوشل میڈیا پر اپنی جلد سے متعلق مسائل کھل کر بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تصاویر کے پیچھے ایک حقیقی انسان ہوتا ہے، اس لیے لوگوں کو تبصرہ کرتے وقت زیادہ مہربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ میں اپنی جلد پر ہونے والی ایکنی (مہاسوں) کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے اس کیفیت سے پہلے، دوران اور بعد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند مہینوں میں ان کی جلد نے بہت کچھ برداشت کیا۔
دانانیر مبین کے مطابق تیز روشنیوں، روزانہ سنگھار، نامناسب علاج اور کم عمری میں ہارمونز کی تبدیلیوں کے باعث انہیں شدید جلدی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب ان کی جلد بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماجی رابطوں پر نظر آنے والی ترمیم شدہ تصاویر جیسی نہیں لگتیں کیونکہ وہ بھی ایک انسان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن دنیا میں خاص طور پر اسپاٹ لائٹ میں موجود نوجوان خواتین کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اکثر صارفین یہ بھول جاتے ہیں کہ تصاویر کے پیچھے حقیقی لوگ ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھوڑی سی مہربانی بہت دور تک جا سکتی ہے۔
معروف اداکارہ ہانیہ عامر ساتھی اداکارہ دنانیر مبین کی ایکنی مسائل پر حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ہانیہ عامر نے بغیر کسی تبصرے کے دنا نیر کی پوسٹ کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا۔
