پی ٹی آئی کی سینئر رہنما شکیلہ وحید پیپلزپارٹی میں شامل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ویمن ونگ کی سابق سیکرٹری اطلاعات شکیلہ وحید نے پارٹی کو الوداع کہہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری ایک پیغام میں بتایا گیا کہ شکیلہ وحید نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا،سیکریٹری جنرل نیئربخاری نے شکیلہ وحید کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی واحد امید ہے،باصلاحیت افراد کی پیپلز پارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ شکیلہ وحید کی شمولیت سے خواتین ونگ مزید مضبوط ہو گا، پیپلز پارٹی کے دروازے جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا، سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی سید نیئر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ اور صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ نے نذیر احمد ایڈووکیٹ کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور پارٹی مفلر پہنایا۔
واضح رہے کہ نذیر احمد ایڈووکیٹ جون 2023 سے گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر رہے ہیں انہوں نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو کر پی پی پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس اگست میں پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے انفارمیشن سیکرٹری ساجد قریشی اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔

WhatsApp
Get Alert