بلوچستان میں عوامی مسائل کے بیچ قومی جدوجہد کو منظم کرنا وقت کی ضرورت ہے، نصراللہ خان زیرے


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی صوبائی اور ضلعی ایگزیکٹو کا ایک مشترکہ اجلاس صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں پارٹی کے مختلف ذمہ داران اور عہدیداران نے شرکت کی اور اپنی اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں بالخصوص پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام 10 مئی بروز اتوار سہ پہر تین بجے لیاقت پارک کوئٹہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین ، سابق سینیٹر ، سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی ممتاز پشتون قومی رہنما، نظریہ ساز، دانشور اور فلسفی مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کی برسی کے سلسلے میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسۂ عام کے انتظامات پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں تشکیل دی گئی مختلف کمیٹیوں نے اپنی کارکردگی اور تیاریوں سے متعلق رپورٹ پیش کی، جس پر اجلاس نے اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ جلسہ نہ صرف مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک اہم موقع ہوگا بلکہ ان کے فکر و فلسفہ، قومی جدوجہد اور سیاسی نظریات کو اجاگر کرنے کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس جلسۂ عام کو ہر لحاظ سے کامیاب اور تاریخی بنایا جائے گا تاکہ عوام میں سیاسی شعور اور قومی یکجہتی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کی سیاسی، فکری اور قومی خدمات پشتون قومی تحریک کا ایک روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی برسی محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ ایک عہد کی تجدید کا دن ہے، جس میں ہمیں ان کے نظریات اور اصولوں کو اپنی عملی جدوجہد کا حصہ بنانے کا عزم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اس جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں پارٹی کے تمام علاقائی اور ابتدائی یونٹوں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائیں، کارکنوں اور ہمدردوں کو متحرک کریں اور 10 مئی بروز اتوار سہ پہر تین بجے کو لیاقت پارک کوئٹہ میں ہونے والے جلسۂ عام میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائیں۔ اس موقع پر عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اس عظیم الشان جلسۂ عام میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کریں اور مرحوم رہنما کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کریں۔ جلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جلسۂ عام سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے اور ملک و خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور قومی حقوق کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنی قومی، جمہوری اور عوام دوست جدوجہد کو مزید منظم، مؤثر اور بھرپور انداز میں جاری رکھے گی اور ہر سطح پر عوام کے حقوق کے تحفظ، قومی وقار کی بحالی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert