عازمین حج ایمرجنسی کے وقت اسعفنی ایپ کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟

مدینہ منورہ(قدرت روزنامہ)مملکت میں صحت کے حوالے سے وزارتِ صحت کی خدمات ہمیشہ سے مثالی رہی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہلال احمر کی فرسٹ ایڈ سب کے لیے میسر ہوتی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت کی کوشش ہوتی ہے کہ سعودی شہریوں، زائرین اور غیر ملکیوں کو ضرورت پڑنے پربلا تفریق و تاخیر ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کی جائیں۔
اسعفنی کیا ہے؟
وزارت صحت کے زیرِ انتظام سعودی ہلال الاحمر نے ’اسعفنی‘ کے عنوان سے خصوصی طور پر ایک ایپلی کیشن لانچ کی ہے جو سمارٹ فونز پر دستیاب ہے۔
مزید پڑھیں
حج ویکسینیشن: عازمین کی سیفٹی، اچھی صحت اور پُرسکون حج کے لیے ضروری
لفظ اسعفنی، اسعاف سے نکلا ہے جس کے معنی مدد کرنے کے ہیں۔ لفظ اسعاف، عام طورپر عربی میں طبی امداد کے معنوں میں مستعمل ہے جسے ایمبولینس کے لیے خاص طورپر استعمال کیا جاتا ہے۔
اسعفنی ایپلی کیشن کو انسٹال کرنے کے بعد اس میں اپنے ’نفاذ‘ اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ ان کیا جاتا ہے۔ نفاذ ایپلی کیشن میں موجود صارف کا ڈیٹا اسعفنی سے لنک ہو جاتا ہے۔
اسعفنی ایپ میں عربی، اردو اور انگلش سمیت متعدد زبانوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صارف بآسانی اپنی مطلوبہ زبان کا انتخاب کر سکتا ہے۔
ہنگامی طبی امداد، اسعفنی کے ذریعے
اسعفنی ایپلی کیشن، میں متعدد خدمات فراہم کی جاتی ہیں جن میں ایمرجنسی خدمات میں دل کا دورہ پڑنے پر طبی امداد حاصل کرنا، قریبی فرسٹ ایڈ سینٹر، قریب ترین فارمیسی، ہسپتال کے علاوہ ایمرجنسی کال کی سب سے اہم سروس اس پر 24 گھنٹے دستیاب ہوتی ہے۔
ایپ کی یہ خصوصیت بھی ہے کہ صارف اس کے ذریعے فوری طور پر ہنگامی پیغام ہلال الاحمر کو ارسال کر سکتا ہے، پیغام ملتے ہی ہلال الاحمر کے کنٹرول سینٹر کے ذریعے فوری طبی یونٹ متحرک ہو جاتا ہے۔
کسی بھی حادثے کی اطلاع بھی اسعفنی ایپ کے ذریعے فراہم کی جا سکتی ہے۔ جس میں حادثے کا مقام، نوعیت اور زخمیوں وغیرہ کے بارے میں معلومات کی فراہمی شامل ہے۔
ایپ کا درست اور مفید استعمال کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اپنی پروفائل مکمل کریں جس میں اپنے بارے میں مختلف طبی معلومات اپ لوڈ کرنا ہوں گی مثال کے طورپر اگر آپ بلند فشارِ خون (بلڈ پریشر) میں مبتلا ہیں یا ذیابیطس (شوگر) کا مرض لاحق ہے، کے علاوہ وہ ادویات جو آپ اپنے کسی مرض کے لیے باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں۔
اہم ترین معلومات میں بلڈ گروپ، وزن کا اندراج ہوتا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر ہلال الاحمر کی ٹیم بروقت مقررہ طبی امداد فراہم کر سکے۔
