مولانا شیخ ادریس کی شہادت، فضل الرحمان کا ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان

چارسدہ(قدرت روزنامہ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مولانا شیخ محمد ادریس کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کردیا۔
اے آر وای نیوز کے مطابق مولانا شیخ ادریس کی رہائشگاہ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ادارے شہید شیخ ادریس کے قاتلوں کو فوری گرفتار کریں، جمعہ کو پورے ملک میں ان کی شہادت کے خلاف مظاہرے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل کراچی کے جلسے میں دوں گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شیخ ادریس کی جدائی امت مسلمہ کے لیے بڑا صدمہ ہے، امن کا پیغام دینے والے مولانا خود سفاکیت کا شکار ہوگئے۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ حکمران اور ادارے عوام کے تحفظ کے لیے مفت کی تنخواہیں نہ لیں، ملک میں فسادی خونریزی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جے یو آئی کے صوبائی سرپرست اعلیٰ اور مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مولانا شیخ محمد ادریس کو چارسدہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے مدرسے جاتے ہوئے فائرنگ کرکے شہید کیا جس میں ان کے دو محافظ بھی زخمی ہوئے۔
