اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی بھی ’’ڈیپ فیک‘‘ کا شکار، الزام کس پر عائد کیا؟

اٹلی (قدرت روزنامہ) اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی بھی ڈیپ فیک کا شکار ہو گئیں انہوں نے اس کا الزام سیاسی مخالفین پر لگا دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی بھی ڈیپ فیک کا شکار ہو گئیں اور اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ’میری کئی جعلی تصاویر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئیں اور انہیں سوشل میڈیا پر اس طرح پھیلایا گیا جیسے وہ حقیقی ہوں۔‘

اطالوی وزیراعظم نے اس کا الزام اپنے سیاسی مخالفین پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی تصاویر ان کی شہرت کو داغ دار کرنے اور انہیں نشانہ بنانے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں۔

جورجیا میلونی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اے آئی سے بنائی گئی ایک انتہائی نازیبا جعلی تصویر بھی شیئر کی، جس پر انہیں صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ ’یہ واقعہ اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ اب لوگوں پر حملہ کرنے اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے لیے کسی بھی حد تک جایا جا رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مسئلہ صرف میری ذات تک محدود نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ ڈیپ فیکس ایک خطرناک ہتھیار ہے، کیونکہ یہ دھوکا دے کر کسی کو بھی

نشانہ بنا سکتا اور لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ میں اپنا دفاع کر سکتی ہوں، لیکن بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ایسا نہیں کر سکتے۔‘

جورجیا میلونی نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی مواد کو قبول کرنے یا شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’ہمیشہ ایک اصول ہونا چاہیے، یقین کرنے سے پہلے تصدیق کریں اور شیئر کرنے سے پہلے سوچیں۔‘

WhatsApp
Get Alert