بلوچستان:تہرے قتل کیس میں 6 ملزمان کو سزائے موت

کوہلو (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہلو محمد انور محمد شہی کی عدالت نے تہرے قتل کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر 6 ملزمان کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 08/2025 کے تحت لیویز تھانہ لاسیزئی میں درج کیا گیا تھا، جس میں ملزمان پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 457، 354، 147، 148 اور 149 کے تحت سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔ کیس کی سماعت گزشتہ کئی عرصے سے عدالت میں جاری تھی، جہاں استغاثہ اور دفاع کے وکلا نے اپنے اپنے دلائل مکمل کیے۔ عدالت نے تمام شواہد، گواہوں کے بیانات اور وکلا کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد آج فیصلہ سناتے ہوئے 6 ملزمان لعل جان ، قطب خان ، کریم نواز ، وزیر محمد ، شربت خان اور محی خان کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم صادر کیا۔ عدالت میں استغاثہ کی جانب سے ڈی پی پی اور مدعی کے وکیل ایڈوکیٹ میر عطا اللہ مری پیش ہوئے، جبکہ ملزمان کی جانب سے ایڈوکیٹ معصوم مری نے قانونی نمائندگی کی۔ خیال رہے 8 ستمبر 2025 کو والد سمیت دو بیٹوں کو لاسے زئی کے مقام پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھے ۔ مقتولین میں عثمان اور ان کے دو بیٹوں خان محمد اور ولی محمد شامل تھے۔
