چوری، ڈکیتی اور مسلح حملے معمول بن چکے ہیں، انتظامیہ مجرموں کے خلاف کارروائی کے بجائے لیویز تھانوں اور چوکیوں کو خالی کر رہی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع پشین کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ضلع صدر عمر خان ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور دیگر صوبائی و ضلعی قائدین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع کی سیاسی صورتحال، تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پارٹی رہنماں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشین پر مسلط نمائندوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ سرکاری اداروں کو جان بوجھ کر مفلوج کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی خدمت کے بجائے صرف بیانات کی حد تک “سب ٹھیک ہے” کی گردان جاری رکھی جا سکے۔
مقررین نے ضلع میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشین شہر اور گردونواح میں چوری، ڈکیتی اور مسلح حملے معمول بن چکے ہیں، لیکن انتظامیہ مجرموں کے خلاف کارروائی کے بجائے لیویز تھانوں اور چوکیوں کو خالی کر رہی ہے، جو کہ بدامنی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔
اس کے علاوہ واپڈا کی جانب سے گرمی کے آغاز پر ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم کا ذکر کرتے ہوئے رہنماں نے کہا کہ سرکاری دعوں کے برعکس سکولوں میں درسی کتب دستیاب نہیں اور ٹرانسفر پوسٹنگ میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ پارٹی نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ تنظیمی ڈھانچے کو فعال کر کے عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کریں۔
