پی ٹی اے کی شہریوں کو وارننگ: زائد المیعاد شناختی کارڈز پر سمز بند ہونے کا خدشہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ زائد المیعاد یا غیر فعال قومی شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کی جا سکتی ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام موبائل صارفین جنہوں نے غیر فعال یا ایکسپائر شناختی کارڈز پر سمز حاصل کر رکھی ہیں، ان کی سمز معطل کی جا سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے قومی شناختی کارڈ کی معلومات اور اس کی میعاد بروقت اپڈیٹ کریں تاکہ کسی بھی قسم کی سروس بندش سے بچا جا سکے۔
پی ٹی اے کے مطابق اگر کسی صارف کا شناختی کارڈ زائد المیعاد ہو چکا ہے تو وہ فوری طور پر اپنے قریبی موبائل آپریٹر سے رابطہ کر کے اپنی معلومات درست کروائیں اور نادرا سے شناختی کارڈ کو فعال کروائیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ اپنی شناخت کی تصدیق کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف موبائل سروس محفوظ رہتی ہے بلکہ کسی بھی غیر قانونی استعمال سے بھی بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت اپنی معلومات اپڈیٹ کریں تاکہ ان کی موبائل سروس بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔

WhatsApp
Get Alert