بلوچستان میں ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان میں جمعے کو ’پیپلز ایئر ایمبولینس‘ کے نام سے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا گیا، جس کا افتتاح پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔
محکمہ صحت بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ دو جہازوں پر مشتمل سرکاری پبلک سروس ہے، جس میں میڈیکل کے جدید آلات نصب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بلوچستان حکومت کا دور دراز علاقوں کے مریضوں کے لیے ہنگامی طبی سہولت کا منصوبہ ہے۔
کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کی درخواست کے علاوہ صوبائی حکومت کے براست احکامات پر یہ ایئر ایمبولینس فراہم کی جائے گی، تاہم وزیر صحت نے یہ نہیں بتایا کہ صوبائی حکومت نے پیپلز ایئر ایمبولینس پر کتنی رقم خرچ کی ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق اس سروس کا بنیادی مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مریضوں کو بروقت ہنگامی طبی امداد فراہم کرنا اور مریضوں کو بڑے شہروں کے ہسپتالوں تک فوری منتقل کرنا ہے تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔
