ڈاکٹر یاسمین راشد نے صحت کارڈ کے حصول کیلئے ضروری شرائط بتادیں
لاہور (قدرت روزنامہ) صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے عوام کو صحت کارڈ کے حصول کیلئے ضروری شرائط بتادیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا تیزی سے جاری ہے ، صحت کارڈ کے حصول کے لئیے نادرا میں رجسٹر ہونا لازمی ہے ، بچوں کا نادرا میں اندراج ہونا بھی ضروری ہے ، نادرا میں رجسٹر ہوئے بغیر صحت کارڈ نہیں ملے گا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت کارڈ سہولت کے لیے ہم نے ایک موبائل ایپ بھی بنائی ہے ، جس کے ذریعے عوام کو تمام معلومات مل سکیں گی کیوں کہ پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈ فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ، صحت کارڈ کے لیے نادرا کے دفاتر سے رابطہ کیا جائے ، اگر کسی فرد کا شناختی کارڈ نہیں بنا تو وہ لازمی بنوالیں اور جن افراد کے بچے ہیں وہ اپنے بچوں کا ب فارم ضرور بنوائیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پوری فیملی کے لیے ہو گا لیکن یہ صحت کارڈ ہر فرد کو نہیں بلکہ گھر کے سربراہ کو ہی ملے گا اور ہر ضلع میں صحت کارڈ کی سہولت کا ایک ڈیسک بنایا گیا ہے ، محکمہ صحت کی جانب سے رواں سال 25 ہزار ملازمتوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم نے گورنر ہاوس لاہور میں خصوصی تقریب کے دوران صوبہ پنجاب میں صحت کارڈز کی باقاعدہ تقسیم کا آغاز کردیا ، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ بہترین اقدام ہے اور پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈ میسر ہو گا ، فلاحی ریاست میں ہر آدمی کی بنیادی ضرورت پوری ہوتی ہے ، پنجاب کے ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس ملے گی، 10 لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال میں جا کر علاج کروا سکتے ہیں ، 3 کروڑ خاندانوں کے لیے 400 ارب روپے خرچ ہوں گے، صحت کارڈ ملک کو کہاں لے کر جائے گا یہ آپ کو وقت بتائے گا، کبھی پاکستان کی تاریخ میں کسی صوبے نے اسپتال بنانے کے لیے اتنے پیسے خرچ نہیں کیے، اب ہمارا پرائیوٹ سیکٹر ہسپتال بنانے کے لیے پیسہ خرچ کرے گا۔