پاکستانیوں! تیار ہو جاؤ، تقدیر بدلنے کا وقت قریب ہے!

امریکہ ایران معاہدے سے نئے راستے کھلیں گے، نئے اتحاد بنیں گے، اسلام آباد تا یورپ ٹرین چلنے کا خواب سچ ہو سکتا ہے؛ سینئر صحافی حامد میر کا تجزیہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے مابین جاری ثالثی مشن پر پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری اور بدلتی تقدیر کی امید دلادی۔ تفصیلات کے مطابق سینیئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر پاکستان کی حالیہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ حقیقت بن گیا، تو یہ پاکستان کو موجودہ بدترین معاشی و سیاسی بحران یعنی نازک دور سے نکالنے کا ایک بڑا ذریعہ ثابت ہوگا، اس کامیابی سے ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔
انہوں نے موجودہ علاقائی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ آج کل کے حالات کا اگر ہم گہرائی سے تجزیہ کریں اور کچھ خفیہ اور اعلانیہ کڑیوں کو آپس میں ملائیں، تو جو جواب سامنے آتا ہے وہ یہ ہے کہ پاکستان کے لیے اس نازک دور سے نکلنا اور عوام کی تقدیر بدلنا اب کوئی مشکل کام نہیں رہا، لیکن اس کے لیے ایک بڑا اور اہم کام ہونا ضروری ہے۔
ان کا اشارہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ تہران کے دوروں اور واشنگٹن کے ساتھ جاری بیک چینل ڈپلومیسی کی طرف تھا، جس کے تحت پاکستان دونوں عالمی طاقتوں کو ایک میز پر لانے کی کوشش کر رہا ہے، حامد میر کا کہنا ہے کہ اس ثالثی مشن اور ممکنہ امن معاہدے کا فائدہ صرف امریکہ اور ایران تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ اس کا سب سے بڑا فائدہ پاکستان کو پہنچے گا۔


اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایران پر لگی عالمی پابندیاں ختم ہونے سے پاکستان کے لیے وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے بند راستے کھل جائیں گے، خطے میں نئے جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک بلاکس بنیں گے، جہاں پاکستان ایک مرکزی تجارتی حب کے طور پر ابھرے گا، پاکستان کو سستی ایرانی گیس مل سکے گی جس سے ملکی توانائی کا بحران ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔
سینئر تجزیہ کار نے اس بدلتی صورتحال کی ایک تاریخی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ امن معاہدہ ہو جاتا ہے، تو وہ دن دور نہیں جب اسلام آباد سے چلنے والی مال بردار اور مسافر ٹرین ایران اور ترکیہ سے ہوتی ہوئی سیدھی یورپ جا کر رکے گی، یہ خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا کوریڈور بنے گا، پاکستان اس وقت خطے میں امن قائم کروانے کے لیے ایک انتہائی اہم اور تاریخی کردار ادا کر رہا ہے، اگر پاکستانی قیادت اس موقع پر اپنی اندرونی سیاسی صف بندی درست کرلے، تو معاشی بدحالی کا خاتمہ اور ملکی ترقی اب چند قدموں کی دوری پر ہے۔

WhatsApp
Get Alert