حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرکے یارکشائر کو فتح سے ہمکنار کروا دیا

ڈربی (قدرت روزنامہ)حسن علی کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت یارکشائر نے ڈربی شائر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈربی شائر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ اوپنر مارٹن اینڈرسن نے ناقابل شکست 81 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں یارکشائر کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور صرف 65 رنز پر 4 کھلاڑی آوٹ ہوگئے۔
جارح مزاج بیٹر ایڈم لیتھ نے 31 رنز کی تیز اننگز کھیلی جبکہ جونی بیئراسٹو، جیمز وارتن اور ولیم لکسن جلد آؤٹ ہوگئے۔
معین علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 رنز اسکور کیے لیکن وہ ٹیم کو مکمل برتری نہ دلا سکے۔
آخری اوورز میں حسن علی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور صرف 12 گیندوں پر 31 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ اینڈریو ٹائی نے بھی 32 رنز بنا کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈربی شائر کی جانب سے جیک مورلے نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نک پوٹس نے 2 وکٹیں لیں۔
