سانحہ مانگی ، مغوی نوجوانوں کی عدم بازیابی ،قبائلی عمائدین کا گرینڈ جرگے کا اعلان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ )کچھ ہرنائی روڈ کے مانگی کے مقام پر گزشتہ روز کے ناخوشگوار واقعہ کے حوالے سے ضلع زیارت وہرنائی کے قبائلی عمائدین اورمتاثرہ خاندانوں کا نمائندہ اجلاس سردارغازی خان پانیزئی کی زیرصدارت منعقد کیا گیا ،

اجلاس میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں پانچ کوئلے سے لوڈٹرکوں کونذرآتش اور موقع پر موجود چارمقامی افراد کو گن پوائنٹ پراغواءکرنے کے واقعہ کی مذمت کی گئی ، صوبائی حکومت اورمتعلقہ اداروں سے اپیل کی گئی کہ ہمارے پیاروں کی جلد سے جلد بحفاظت یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ،

اغواءکاروں سے بھی اپیل کی گئی کہ ہمارے پیاروں کو رہاکریں تاکہ وہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ مناسکیں، اجلاس میں کہا گیا کہ گزشتہ پندرہ بیس سالوں سے زیادہ زیارت وہرنائی بدامنی کاشکار ہیں ، تسلسل کے ساتھ بدامنی کے واقعات رونما ہورہے ہیںجن میں درجنوں قیمتی جانوں کاضیاع اور اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے ،

انہوں نے دونوں اضلاع کے تمام قبائل سے اپیل کی کہ تمام اقوام اورتمام گاﺅں کے دو دو افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں اورگڈزٹرانسپورٹ یونین بھی اپنی کمیٹی تشکیل دے ،

تمام اقوام ،سماجی شخصیات اورمختلف مکاتب فکر پر مشتمل کمیٹی کاعید کے بعد اجلاس بلایا جائے گا، مجوزہ کمیٹی مشاورت کے بعد گرینڈ جرگہ کااعلان ،تاریخ اورمقام کا تعین کرے گی
