لورالائی میں غیر قانونی منی پٹرول پمپ دوبارہ سیل، سرکاری سیل توڑنے والا دکاندار فرار

لورالائی (قدرت روزنامہ) ضلع انتظامیہ لورالائی نے غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرتے ہوئے کوئٹہ روڈ پر قائم ایک غیر قانونی منی پٹرول پمپ کو دوبارہ سیل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع اور اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم کی خصوصی ہدایات پر جاری مہم کے دوران نائب تحصیلدار اعظم خان اور مختیار جعفر نے دو روز قبل زاکر منی پٹرول پمپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گم گیج، حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی اور دیگر خلاف ورزیوں پر پمپ کو سیل کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ دکاندار نے سرکاری سیل توڑ کر دکان دوبارہ کھول دی ہے۔ اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، جہاں انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی منی پٹرول پمپ کو دوبارہ سیل کر دیا، تاہم دکاندار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
کارروائی کے دوران دکان میں موجود پٹرول، مشینری اور دیگر سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے کہا کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، غیر معیاری پیمائش اور عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری سیل توڑنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ منی پٹرول پمپس سے پٹرول خریدنے سے گریز کریں اور ایسے عناصر کی فوری نشاندہی انتظامیہ کو کریں تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق آئندہ دنوں میں لورالائی شہر اور گردونواح میں غیر قانونی کاروبار، تجاوزات اور سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔
