کشیدگی کم کریں، اگر مولانا زیرِ حراست ہیں تو فوری رہا کریں، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری کی خبروں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ’کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات‘ کرنے کے لیے ’اگر مولانا زیرِ حراست ہیں تو انہیں فوری رہا‘ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ شب ایک تقریر میں جبکہ جے یو آئی کے مرکزی میڈیا سیل نے ایکس پر جاری ایک بیان میں ان کی لاہور میں گرفتاری کا دعویٰ کیا۔
تاہم پولیس حکام نے ہم نیوز کے لاہور بیورو چیف کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار یا نظر بند نہیں کیا بلکہ وہ رات ڈیڑھ بجے سے پارک ویو ہاوسنگ سوسائٹی میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
دوسری جانب پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کی مبینہ گرفتاری کے بعد قائم مقام امیر کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ پارٹی کے بیان کے مطابق ”مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ پارٹی کے سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمن کے بیانیے کے مطابق تحریک جاری رہے گی۔“
مولانا فضل الرحمان بدھ کو لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ آل پارٹیز سمینار میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے تاہم اس ایونٹ میں ان کے مطابق وہ ’ریاستی حصار‘ میں ہونے کے باعث شرکت نہیں کر پائے۔
گزشتہ روز وہ ایک جلسے میں شرکت کے لیے لاہور سے سرگودھا روانہ ہوئے تھے۔ تاہم پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل کے بیان میں انہیں راستے میں ہی حراست میں لیے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کارکنان کی گرفتاریوں کا الزام لگاتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا جس کے بعد لاہور اور پشاور موٹروے کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بند کر کے مظاہرے کیے گئے۔ بعدازاں سڑکیں کھول دی گئی تھیں جبکہ پارٹی نے امیر کی مبینہ گرفتاری کے خلاف نمازِ جمعہ کے بعد ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے مولانا فضل الرحمٰن کو ’حراست میں لینے کی کوشش، ان کا راستہ بند کر کے انہیں سرگودھا کے کنونشن میں شرکت سے روکنے اور ان کے بھائی، کارکنان اور ارکانِ پارلیمان کی گرفتاریاں یا حراست‘ کو قابلِ مذمت قرار دیا-
انہوں نے کہا کہ ”یہ غیر جمہوری اقدامات ہیں۔ ان سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے اور معاشرے میں کشیدگی اور نفرت بڑھتی ہے۔ بات چیت، اختلافِ رائے اور پُرامن احتجاج ہر جمہوری معاشرے کا حصہ ہیں۔“
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حکومت مخالف بیانات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق ہو گیا تھا مگر وفاقی حکومت نے اس کے باوجود گورنر راج نافذ کر دیا۔
ان کے حالیہ بیانات پر رد عمل دیتے گزشتہ روز وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ ’مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات اور گزشتہ چند دونوں کے طرزِ عمل سے ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ خود تصادم چاہتے ہیں‘۔
