شاہد رند کا عیدالاضحیٰ پر پیغام، قومی اتحاد اور بلوچستان میں ترقی کے عزم کا اعادہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پوری قوم، امت مسلمہ اور خصوصاً اہلِ بلوچستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، اطاعت، اخوت اور رواداری کا عظیم درس دیتی ہے۔ یہ مقدس موقع ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی فلاح، قومی یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی، استحکام اور ترقی قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد سے وابستہ ہے، اور موجودہ حالات میں قومی سلامتی اور استحکام کے لیے پوری قوم کا متحد رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بعض دشمن عناصر بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، تاہم پاکستانی قوم، سکیورٹی ادارے اور ریاستی قیادت ان تمام سازشوں کے خلاف متحد، چوکس اور پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے اور اس کی ترقی ہی پورے ملک کی ترقی کی ضامن ہے۔ حکومت عوامی فلاح، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے عید کے موقع پر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضرورت مند افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ معاشرے میں بھائی چارے، مساوات اور ہمدردی کے جذبات کو فروغ ملے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے، بلوچستان کو خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور پوری امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق سے نوازے۔
