رواں سال دنیا کی طویل ترین نان اسٹاپ پروازیں، سنگاپور ایئرلائن سرفہرست


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں طویل ترین نان اسٹاپ پروازوں کے روٹس گزشتہ 25 سال میں نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں۔ جبکہ 2026 میں بھی طویل فاصلے کی فضائی سفر کی دوڑ میں سنگاپور ایئرلائنز کی برتری برقرار ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیویارک (جے ایف کے) اور نیوآرک (ای ڈبلیو آر) سے سنگاپور چانگی تک کی پروازیں تقریباً 15 ہزار 300 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر مشتمل ہیں۔ اور یہ دونوں دنیا کی طویل ترین کمرشل پروازیں قرار دی جا رہی ہیں، جو ایئر بس اے 350 اور 900 کے ذریعے آپریٹ کی جاتی ہیں۔
طویل ترین پروازوں کی فہرست میں ایئرنیوزی لینڈ، ایمریٹس، آسٹریلیا کی قانتس ایئرویز، قطر ایئرویز اور چین سدرن ایئرلائنز بھی شامل ہیں۔ جو دنیا کے مختلف شہروں جیسے آکلینڈ، لندن، پیرس، ڈلاس، دبئی اور میکسیکو سٹی کو 14 ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلے پر جوڑ رہی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں ٹاپ 10 طویل ترین روٹس کا اوسط فاصلہ 14 ہزار 504 کلومیٹر تک پہنچ گیا۔ جو سال 2000 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی جدید طیاروں جیسے بوئنگ 787 ڈریملائنز اور ایئربس A350 سیریز کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ جنہوں نے پرانے چار انجن والے طیاروں کی جگہ لے لی ہے۔
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں طویل فاصلے کی پروازیں نہ صرف تکنیکی ترقی کی علامت ہیں۔ بلکہ عالمی فضائی نیٹ ورک حکمت عملی کا بھی اہم حصہ بن چکی ہیں، جس سے مسافروں کو براہ راست اور تیز سفر کی سہولت میسر آ رہی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں آسٹریلیا کی مجوزہ “پروجیکٹ سن رائز” پروازیں اس فہرست کو مزید تبدیل کر سکتی ہیں، جو تقریباً 17 ہزار کلومیٹر تک نان اسٹاپ سفر فراہم کریں گی۔

WhatsApp
Get Alert