بھلونک ندی میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش برآمد، طویل ریسکیو آپریشن مکمل


خضدار (قدرت روزنامہ) خضدار کی تحصیل کرخ کی بھلونک ندی میں ڈوبنے والے ایک نوجوان کی لاش پولیس نے کئی گھنٹوں پر محیط ریسکیو آپریشن کے بعد ندی سے برآمد کر لی۔
معتبر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایک نوجوان ندی میں نہاتے ہوئے یا اچانک تیز پانی کے بہاؤ کی زد میں آکر گہرے پانی میں ڈوب گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو کارروائی شروع کر دی۔
پولیس اہلکاروں نے محدود وسائل کے باوجود مسلسل کئی گھنٹوں تک تلاش جاری رکھی اور بالآخر نوجوان کی لاش کو ندی کی گہرائی سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔
لاش کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا اور اہل علاقہ میں شدید غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ندیوں، پکنک پوائنٹس اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور واضح انتباہی بورڈز نصب کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert