کراچی کی سڑکوں پر دلچسپ تبصرہ، شرمیلا فاروقی اور وسیم بادامی کے درمیان ہلکا پھلکا مکالمہ

کراچی (قدرت روزنامہ )کراچی کی سڑکوں کی صورتحال پر ایک پروگرام کے دوران دلچسپ گفتگو دیکھنے میں آئی، جہاں میزبان وسیم بادامی، رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی اور بیرسٹر دانیال چوہدری نے سڑکوں کی حالت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
وسیم بادامی نے بیرسٹر دانیال چوہدری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، “شکر ہے کہ آپ کی گاڑی ہلی ہے تو دل کو تسلی پہنچی ہے کہ آپ گاڑی میں بیٹھے ہوئے موبائل پر ہی پروگرام میں شریک ہیں۔”
اس پر شرمیلا فاروقی نے جواب دیتے ہوئے کہا “بادامی صاحب! اگلا پروگرام میں اپنی گاڑی سے کروں گی اور آپ کے اسٹوڈیو تک گاڑی میں سفر کروں گی، پھر آپ دیکھیں گے کہ اس میں کتنے جمپ آتے ہیں۔”
شرمیلا فاروقی کی اس بات پر وسیم بادامی نے مسکراتے ہوئے کہا “یہ نہیں ہو پائے گا، شرمیلا! میں بھائیوں والا مشورہ دے رہا ہوں، یہ نہیں ہو پائے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ “شفیع جان ہمارے دفتر آ چکے ہیں اور ان کی آنکھیں پھٹی ہوئی تھیں۔ وہ مجھے کہنے لگے کہ وسیم بھائی! آپ روزانہ ادھر آتے ہو۔ شرمیلا آپ کا فون تو کوئی نہیں چھینے گا کیونکہ آپ کے ساتھ گارڈز ہوں گے، لیکن گاڑی اتنی ہلے گی کہ آپ موبائل پر پروگرام میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔”
گفتگو میں شامل ہوتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا، “شرمیلا میری بہن ہیں، میں ان کی بات سے اتفاق کرتا ہوں، لیکن کراچی سے جتنے بھی اراکین اسمبلی آتے ہیں وہ اپنے ساتھ کمر کے پیچھے رکھنے والے کُشن بھی لاتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا “میں اس وقت اسلام آباد میں نہیں بلکہ راولپنڈی کی اندرونِ شہر سڑکوں پر ہوں، لیکن اگر کراچی کے اندرونی علاقوں میں جائیں تو شاید گاڑی کے آدھے ٹائر ہی واپس آئیں۔”
