پیرکوہ میں پینے کے پانی کا شدید بحران برقرار، 40 ہزار سے زائد آبادی مشکلات کا شکار


حمید آباد (قدرت روزنامہ) ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں پینے کے صاف پانی کا شدید بحران بدستور جاری ہے، جس کے باعث تقریباً 40 ہزار آبادی بنیادی ضرورت سے محروم ہے۔
تفصیلات کے مطابق علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے جاری پانی کے بحران کے باوجود مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق یہ صورتحال متعلقہ حکام، وزیراعلیٰ بلوچستان، ڈسٹرکٹ چیئرمین ڈیرہ بگٹی اور دیگر ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اتنی بڑی آبادی کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم نہیں کی جا سکتی تو عوام اپنے نمائندوں سے مزید کیا توقعات رکھیں۔
مقامی افراد کے مطابق عوامی نمائندے اکثر بیانات، خبروں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں میں تو متحرک نظر آتے ہیں، تاہم پیرکوہ کے دیرینہ پانی کے بحران کے مستقل اور عملی حل کے حوالے سے پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر مسئلے کا نوٹس لیں اور علاقے کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیرکوہ کے عوام اب محض وعدوں کے بجائے عملی اقدامات اور مستقل حل کے منتظر ہیں۔

WhatsApp
Get Alert