ڈیرہ بگٹی میں گیس کی سروے ٹیم کے پانی کے ٹینکر پر مسلح افراد کی فائرنگ، ڈرائیور اور ہیلپر جاں بحق
پیرکوہ روڈ پر نامعلوم افراد کی کارروائی، سیکیورٹی فورسز کی علاقے میں ناکہ بندی اور ملزمان کی تلاش جاری

ڈیرہ بگٹی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈیرہ بگٹی میں پیرکوہ روڈ چڑھائی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک بوزر (پانی یا تیل کا ٹینکر) پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ذرائع کے مطابق، مسلح حملہ آوروں کی جانب سے کی جانے والی اس اچانک اور ہولناک فائرنگ کے نتیجے میں بوزر کا ڈرائیور اور اس کا ہیلپر گولیوں کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ سیکیورٹی اور مقامی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والا بوزر علاقے میں کام کرنے والی گیس کی سروے ٹیم کا حصہ تھا، جسے نامعلوم شرپسندوں نے نشانہ بنایا۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
