عوام کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے، قومی وسائل کا ضیاع روکنے کے لیے بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان
اے آئی بیسڈ میٹر ریڈنگ سسٹم کا نفاذ خوش آئند ہے، خواتین معاشرے کا اہم اور موثر حصہ ہیں، میر سرفراز بگٹی کی کیسکو حکام اور ویمن پارلیمنٹرین کاکس کے وفود سے گفتگو

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) 18جون ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعرات کو یہاں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عبدالکریم جعفری کی قیادت میں کیسکو حکام کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کیسکو کی مجموعی کارکردگی، بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام میں بہتری، صارفین کو درپیش مسائل، واجبات کی وصولی، لائن لاسز میں کمی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اے آئی بیسڈ میٹر ریڈنگ سسٹم سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کیسکو حکام نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ادارے کی کارکردگی، جاری اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد نے بجلی کے نظام کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی میٹر ریڈنگ سسٹم کے نفاذ اور دیگر جدید اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ عوام کو بجلی کی بلاتعطل اور مستحکم وولٹیج کے ساتھ فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت، کارکردگی اور صارفین کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ واجبات کی وصولی اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
دریں اثنائ ویمن پارلیمنٹرین کاکس کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی امور میں خواتین اراکین کے کردار، خواتین کی سیاسی شمولیت، قانون سازی کے عمل میں ان کی موثر نمائندگی اور خواتین کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے خواتین کی فلاح و بہبود، بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی موثر شرکت کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم اور موثر حصہ ہیں اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور سیاسی نمائندگی کے شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین اراکین اسمبلی کی آراء اور تجاویز حکومت کے لیے نہایت اہم ہیں اور ان کی مشاورت سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ملاقاتوں میں باہمی تعاون کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی مجموعی ترقی سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
