غیر نمائندہ حکومت کا بجٹ ستم دیدہ عوام کے ساتھ مذاق ہے، 206 ارب کے ترقیاتی پروگرام میں لاوارث کوئٹہ شہر کے لیے ایک بھی قابل ذکر پراجیکٹ نہیں رکھا گیا، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں فارم47 کی غیر نمائندہ صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو ستم دیدہ عوام کیساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاق کی رائلٹی کی بیساکھی پر کھڑی حکومت ساحل اور وسائل سے مالا مال صوبے کو قرون وسطی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کچھ بھی نہیں رکھا گیا ہے۔ لاوارث کوئٹہ شہر پر باہر سے مسلط کردہ فارم 47 کے ٹھیکداروں کو اس شہر اور اس کے عوام سے کیا سروکار ہوسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ 106 ارب کے ترقیاتی پروگرام میں کوئٹہ کیلئے ایک بھی قابل زکر پراجیکٹ نہیں رکھا گیا ہے۔کوئٹہ کے شہری تعلیم، صحت، آبنوشی، بنیادی سہولیات اور روزگار کے مواقع سے مسلسل محروم چلے آرہے ہیں۔ کوئٹہ کے جن ارکان کو ٹف ٹائلوں کے نام پر فنڈز سے نوازا گیا ہے وہ بھی محض خریدی گئی سیٹوں کی بھروائی کیلئے چوری اور کرپشن کی نذر ہی ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حقیقی سیاسی و عوامی نمائندوں کی اسمبلی میں عدم موجودگی سے ‘‘ ٹھیکیداری بجٹ ‘‘ ہی کی توقع کی جاسکتی ہے جو محض خردبرد اور کرپشن کا زریعہ بنے گی۔ بیان میں ٹھیکیداروں کے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہیکہ جب تک اسمبلی میں عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں ہوگی، ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعمیر نہیں ہوسکے گا۔

WhatsApp
Get Alert