26ویں ترمیم کے نتائج نظر آ رہے ہیں،عدالتیں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں سننے کو تیار نہیں،زیر زبر کےمضحکہ خیز اعتراض لگائے جاتے ہیں،علیمہ خان

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے نوازشریف کے پلیٹیس جعلی گرے اور لندن بھیج دیا گیا، جہاز میں چڑھتے ہی پلیٹلیس ٹھیک ہو گئے ، عمران خان کی تو ایک آنکھ ضائع ہوچکی ہے اور ہماری ڈیمانڈ ذاتی ڈاکٹرز کی موجودگی میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے شفا انٹرنیشنل اسلام آباد میں علاج کروانے کی ہے۔ یہ ڈیمانڈ کونسا جرم ہے یا کونسی اتنی بڑی ڈیمانڈ ہے جو پوری نہیں کی جاسکتی؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 2200 ارب فاٹا کے علاقوں کا وفاق نے دینا ہے جو نہیں دے رہا۔ اندازہ کریں کہ یہ کتنی بڑی رقم ہے۔ ذرا سوچیں اگر 4 ارب میں پاکستان کا سب سے بڑا شوکت خانم ہسپتال بن سکتا ہے تو 2200 ارب میں فاٹا میں کتنے ہسپتال، سکول، کالج اور سڑکیں بن سکتی ہیں اور فلاحی کام ہو سکتے ہیں۔ فاٹا وہ علاقہ ہے جہاں کے لوگوں کو دہشت گردی کی وجہ سے گھروں سے بے دخل کیا گیا ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا چھبیسویں ترمیم کے نتائج اب ہماری عدالتوں میں نظر آ رہے ہیں۔ لگتا ہے ججز کو کہہ دیا جاتا ہے کہ جو مرضی ہو جائے، عمران خان کی قید تنہائی یا قیدی حقوق کی بات ہو، اس جانب تو جانا ہی نہیں ہے۔ میری بہن کی عمران خان کی صحت کے حوالے سے درخواست ہیلتھ ایرجنسی ہے۔ چار مہینے سے ہم ایک ہی ڈیمانڈ کر رہے ہیں کہ عمران خان کا شفا انٹرنیشنل میں علاج کروایا جائے۔ سپریم کورٹ نے تین ہفتے کی تاریخ دے دی ہے کیونکہ جج چھٹیوں پر جا رہے ہیں۔ صرف کارروائیاں دکھائی جا رہی ہیں۔ عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں عدالت سننے کو تیار نہیں، مضحکہ خیز اعتراض لگائے جاتے ہیں۔ یہاں زیر نہیں لگائی، زبر پیش نہیں لگا ہوا۔ جب انصاف دینا ہو تو نیت نظر آ جاتی ہے۔ ہماری عدالتوں کا واضح نظر آ رہا ہے کہ وہ انصاف دینا ہی نہیں چاہتیں۔
علیمہ خان نے کہا ہم تو اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن اگر یہ ججز ہی کیس نہیں سُنیں گے تو لوگ کتنی دیر چُپ بیٹھیں گے؟ 26 ویں ترمیم کے نتائج عمران خان کے کیسز میں نظر آ رہے ہیں۔ یہ کتنا مشکل ہے کہ عمران خان کو ہسپتال لیجا کر علاج کروایا جائے؟ یہ ایسا کیوں نہیں ہونے دے رہے؟
